جذبہ خیر سگالی کے تحت 147 بھارتی ماہی گیر پاکستانی جیلوں سے رہا

 
0
317
کراچی جنوری 7(ٹی این ایس)پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 147 بھارتی ماہی گیروں کو کراچی کی ملیر جیل سے رہا کردیا، جنہیں لاہور سے براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائیگا۔
جیل انتظامیہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ان ماہی گیروں کو 8 ماہ قبل حراست میں لیا گیا تھا جنہیں 07 جنوری کو کراچی کینٹ اسٹیشن سے علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا۔جیل حکام نے بتایا کہ ان ماہی گیروں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن نے اٹھائے ہیں جبکہ مزید 262 بھارتی ماہی گیر ابھی بھی ملیر جیل میں قید ہیں۔ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ حسن سہتو نے بتایا کہ ان قیدیوں کو یہاں پر اچھی حالت میں رکھا گیا تھا جبکہ غیر مسلموں کو مکمل مذہبی آزادی دی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہم بھارت تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی ان ماہی گیروں کا خیال رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پاکستانی قیدی اور بھارتی قیدی کے درمیان لڑائی ہوئی ہو، حتیٰ کے پاکستانی قیدی اپنی چیزوں کا بھارتیوں کے ساتھ تبادلہ بھی کرتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے 220 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا۔