قطر کے لڑاکا جیٹ کی اماراتی مسافر پروازوں کو ایک مرتبہ پھر ہراساں کرنے کی کوشش

 
0
438

ابوظہبی/دوحہ مارچ 27(ٹی این ایس)قطر کے دو لڑاکا جیٹ نے بحرین کی فضائی حدود میں ایک مرتبہ پھر متحدہ عرب امارات کے دو مسافر طیاروں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے۔یو اے ای نے قطر کی اس جارحانہ حرکت پر شدید الفاظ میں مذمت کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یو اے ای کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ بحرین کی فضائی حدود میں پرواز کے دوران میں قطر کے دو لڑاکا طیاروں نے امارات کی دو مسافر پروازوں کا راستہ روکنے کی کوشش کی ہے اور ان میں ایک طیارہ ایک مسافر پرواز کے بالکل سامنے آگیا تھا مگر اس کے پائلٹ نے نہایت مشاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تصادم سے بچنے کے لیے اس کا رْخ موڑ دیا ۔قطری طیاروں کی یہ حرکت شہر ی ہوا بازی کی واضح خلاف ورزی ہے ۔اتھارٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ قطری طیاروں کی جانب سے امارات کے مسافر طیاروں کوہراساں کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے اسی طرح کے دو واقعات پیش آچکے ہیں اور ان کی شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کو شکایات کی جاچکی ہیں ۔جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے شہری فضائی ٹریفک کے لیے خطرے کا موجب ان غیر ذمے دارانہ حرکات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کے وضع کردہ تمام مخصوص فضائی روٹس کی پاسداری کرتی ہے،اس لیے متحدہ عرب امارات کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اس جارحیت کے خلاف تمام اقدامات کا حق حاصل ہے ۔