ہسپتالوں سے دواؤں اورآکسیجن کی چوری پراز خود نوٹس ٗ عدالتی احکامات پرتیزی سے کام ہورہا ہے،چیف جسٹس

 
0
368

اسلام آباد مارچ 28(ٹی این ایس)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہاہے کہ عدالتی احکامات پرتیزی سے کام ہورہا ہے، گزشتہ روز کی ملاقات کے بعد معاملات جلدی حل ہوں گے، ان شاء اللہ اب کچھ نہیں رکے گا۔بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نیاسلام آباد میں ہسپتالوں سے دواؤں اورآکسیجن کی چوری پراز خود نوٹس کی سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وزارت کیڈ نے عدالت کے حکم پرمن و عن عمل کیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سمری بھیج دی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات پرتیزی سے کام ہورہا ہے،کل کی میٹنگ کے بعد معاملات جلدی حل ہوں گے، ان شاء اللہ اب کچھ نہیں رکے گا،اگرآپ نے تاخیرکی توہم اچھے لوگوں کو خود تعینات کردیں گے۔درخواست گزار ڈاکٹر نے کہا کہ انتظامی عہدوں پر بھی ڈاکٹروں کو لگا دیا جاتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ میرے خیال سے صحت کے شعبے کے سیکرٹری سمیت انتظامی معاملات پر ڈاکٹرز ہی ہونے چاہئیں، حکومت کو کام کرنے دیں، بعد میں دیکھیں گے اچھے لوگ لگائے گئے کہ نہیں۔ بعد ازاں سمری منظوری کی یقین دہانی پر سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔