سمگلروں کی کسٹم اہلکاروں کو اغواء کرنے کی کوشش، فائرنگ، 4 کسٹم اہلکار زخمی, 4 سمگلر گرفتار

 
0
491

پولیس3ڈمپرٹرک اور ایک ٹرک میں کروڑوں روپے کا غیر ملکی کپڑا ,کاسمیٹکس کا سامان اور غیر ملکی کراکری ضبط

پشاور، مارچ 31 (ٹی این ایس):تھانہ پشتخرہ کی حدود میں پشتخرہ پولیس اور کسٹم اہلکاروں نے پشتخرہ کے ایس ایچ او اعجاز کی قیادت میں مشترکہ کارروائی کے دوران سمگلروں کی طرف سےمزاحمت اورفائرنگ سے 4 کسٹم اھلکار زخمی ہوگئے تاہم 4 سمگلروں کو موقع پر گرفتار کر لیاگیا۔ گرفتار سمگلروں سمیت 25 دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج  کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ پشتخرہ کی حدود میں کسٹم سکواڈاسپکٹر نعمان کی قیادت میں رحیم داد ۔وقاص اور کسٹم ڈرائیور کے ساتھ معمول کے مطابق گشت کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں حیات آباد کی طرف سے کچھ مشکوک ٹرک آر ہے تھے جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی اسی دوران سمگلروں اور کسٹم سکواڈ کے اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی اور سمگلروں نے کسٹم اھلکاروں کو اغواء کرنے کی کوشش شروع کردی جس کے دوران فائرنگ بھی ہوئی۔ اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ چکی تھی اس ہاتھا پائی کے دوران کسٹم انسپکٹر نعمان ۔رحیم داد۔وقاص اور کسٹم ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے تھے ۔

تھانہ پشتخرہ کے ایس ایچ او اعجاز اور پولیس نفری کی بروقت کارروائی کے دوران 4 سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا اور دیگر افراد فرار ہو گئے۔ پولیس نے 3 عدد ڈمپر ٹرک اور اور ایک سادہ ٹرک جو غیر ملکی سامان سے بھرے ہوئے تھے کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔بعد ازاں گاڑیوں کی تلاشی پر غیر ملکی کپڑا ۔کاسمیٹکس اور غیر ملکی کراکری کا سامان برآمد کر کے گرفتار ملزمان سمیت 25 دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ مزید انکشافات کی توقع ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سامان کی قیمت 15 کروڑ تا 16 کروڑ روپے مالیت ہے۔