شاہراہ الگاد میں بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد
راولپنڈی، مارچ 31 (ٹی این ایس): بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے جب کہ مقابلے میں ایک فوجی جوان بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے کابو میں خفیہ اطلاع پر کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گرد ٹھکانے پر کارروائی کی۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی لیکن فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان بھی شہید ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمد کی گئی۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شاہراہ الگاد میں بھی کارروائی کی اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحہ میں سب مشین گن، رائفلز، متعدد پستول، گرینیڈ، راکٹ لانچرز، مارٹرز اور لائٹ مشین گن سمیت مختلف نوعیت کا اسلحہ شامل ہے۔