پیسکو گدون  کا کارنامہ ،میٹر لگے بغیر ہی لوگوں کو پابندی سے بل ارسال کئے جاتے ہیں

 
0
630

پشاور، یکم اپریل (ٹی این ایس): پاکستان میں عوامی خدمت کے لئے قائم ادارے  اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں  تو  نااہل  نظر آتے ہیں البتہ الٹے کاموں میں  اسقدر اہل دکھتے ہیں کہ چمتکار کا گماں ہوتا ہے۔

ایسا ہی ایک  سیاہ چمتکار ٹوپی پیسکو گدون میں دکھایا۔میٹرز کی تنصیب اور لگے ہوئے میٹرز کی ریڈنگ کے بغیر بل  ارسال کئے جانے پر مقامی لوگوں کی حیرت کی انتہاء نہ رہی۔

کٹگرام گدون کے نیاز پرین شاہ ولد غلام حسین نے ٹی این ایس سے اس چمتکار کی کہانی بتلاتے ہوئے کہا کہ  انکے اور کئی دیگر لوگوں کے  ہاں میٹر لگا ہے نہ قریب کے زمانے میں لگنے کا امکان البتہ  بل فرمانبردار فرزند کی طرح بڑی پابندی  سے آتے ہیں۔

نیازپرین شاہ کے بھائی ڈاکٹر گل پرین شاہ نے بتایا کہ گذشتہ چار مہینوں سے میٹر ریڈر نے کٹگرام گدون آنے کی زحمت تک نہ کی  مگر اسکے باوجود لوگوں پر بڑے بڑے بلوں کے بم گرا دئے جاتے ہیں۔

اہل علاقہ پوچھتے ہیں کہ کون متعلقہ حکام ہیں جو جگ ہنسائی کا باعث بننے والے  ان شرمناک کارناموں کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کی پکڑ کریں گے؟