وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی لاہور میں ملاقات

 
0
446

لاہور،02اپریل(ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور پارٹی اختلافات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اختلافات مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ چوہدری نثار نے بعض رہنماؤں کی شکائتیں بھی کیں۔یاد رہے کہ چوہدری نثار اور اعلیٰ قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جن کا اظہار سابق وزیر داخلہ اپنی پریس کانفرنس میں کئی بار کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا نواز شریف سے پہلے والا رابطہ نہیں، ن لیگ سے رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہوں، آئندہ ہفتے فیصلہ کروں گا کہ الیکشن کس پلیٹ فارم سے لڑنا ہے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نون لیگ کو گھر کی لونڈی بنایا گیا تو شاید رشتہ نہ رہے۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا۔ ابہام دور نہیں ہوا، خدشہ ہے شہبازشریف کو کام کا مینڈیٹ نہیں ملے گا۔