سلمان خان کو جیل بھیج دیا گیا

 
0
399

ممبئی،05اپریل(ٹی این ایس):نایاب کالے ہرنوں کا شکار کرنے کے کیس میں جودھ پور کی عدالت نے 20 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے سلمان خان کو پانچ سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور عدالت سے سلمان خان کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد انہیں پولیس وین کے ذریعے طبی معائنے کے لیے اسپتال روانہ کیا گیا۔جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔سلمان خان کے وکلاء نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ تاہم عدالت نے آج اس کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد غالب امکان یہی ہے کہ بالی ووڈ اسٹار کو ایک رات جیل میں گزارنا پڑے گی۔سلمان خان کی گرفتاری کے بعد موقع پر موجود ان کی بہنیں زارو قطار رونے لگیں جس کے بعد عدالت میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ دوسری جانب سلمان خان کے ساتھ شریک جرم تبو،سیف علی خان، سونالی اور نیلم کو کیس سے بری کردیا گیا۔ واضح رہے سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے 20سال قبل بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جودھ پور میں فلم ’’ہم تم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ اس موقع پر ان کی گاڑی میں ساتھ اداکار سیف علی خان، نیلم، سونالی باندرے اور تبو بھی موجود تھے۔سیف علی خان، سونالی باندرے، تبو اور نیلم بھی اس مقدمے میں سلمان خان کے شریک ملزم تھے، ان کے خلاف تحفظِ جنگلی حیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج تھا۔ سلمان خان کو غیرقانونی شکار اور اسلحہ ایکٹ کے تحت چار مختلف مقدمات کا سامنا تھا۔