سجاول کے شہر داڑو  میں نوجوان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث  4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

 
0
1495

ملزمان میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور محکمہ صحت کے دو ملازمین بھی شامل ہیں

سجاول، 05 اپریل  (ٹی این ایس): ضلع سجاول کے شہر داڑو  میں ہندو نوجوان پرکاش کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث  4 ملزمان، ارباب رحیم ، سلیم گگو ، صالح میمن اور امر جمانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

ارباب رحیم پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری جبکہ  سلیم گگو اور صالح میمن محکمہ صحت میں ملازمین ہیں۔

مقدمہ زیادتی کا شکار لڑکے پرکاش کے والد گنگا رام کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے پولیس نے ملزم ارباب ابراہیم ، سلیم گگو اور صالح میمن کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم امر جمانی کی گرفتاری کے لیئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ٹھٹہ سجاول چوہڑ جمالی اور دیگر شہروں میں واقعے کے خلاف شہریوں ، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوامی حلقوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کیئے گئے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تفتیش کی جائے ایک منظم گروہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کر کے ان کی ویڈیوز بناتا اور پھر انہیں بلیک میل کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اگر ایسے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو خدانخواستہ اس سے بھی بڑا  کوئی واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حسین عمرانی نے پرکاش زیادتی کیس کی ویڈیو سامنے آنے پر محکمہ صحت کے 2 ملازمین سلیم گگو اور صالح میمن کو معطل کر دیا ہے ویڈیو میں دونوں ملزمان کو جرم کا ارتکاب کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔