زرداری اب تم بھی کہوگے کیوں نکالا اور کیوں جیل میں ڈالا، زرداری بھٹو خاندان میں ایسے ہے جیسے شریف فیملی میں کیپٹن صفدر: عمران خان

 
0
373

سندھی عوام فکر نہ کریں نیا پاکستان بننے والا ہے، بلوچستان میں بھی ایسی غربت نہیں جوسندھ میں ہے: نوابشاہ میں ممبرسازی مہم کے دوران اپنے خطاب

نوابشاہ ، اپریل 06  (ٹی این ایس): تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری اب تم بھی کہوگے کیوں نکالا اور کیوں جیل میں ڈالا؟ زرداری بھٹو خاندان میں ایسے ہے جیسے شریف فیملی میں کیپٹن صفدر ،سندھی عوام فکر نہ کریں نیا پاکستان بننے والا ہے، بلوچستان میں بھی ایسی غربت نہیں جوسندھ میں ہے۔انہوں نے آج نوابشاہ میں ممبرسازی مہم کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں آج نوابشاہ سے ممبر سازی مہم کا آغاز کررہے ہیں۔

ملک کی دوبیماریاں ہیں ۔ایک پنجاب میں مجھے کیوں نکالا، دوسرا سندھ میں جو حاریوں کاپانی بھی بند کردیتا ہے۔آصف زرداری نے لوگوں کوغلام بنا کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جوظلم ہورہا ہے وہ پورے پاکستان میں نہیں ہورہا۔ سندھ کے لوگ سب سے پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ایسی غربت نہیں جوسندھ میں ہے۔ سندھ میں خوف کاراج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ زرداری میں تمہارے گھرسے شروع کررہا ہوں ۔قوم کا لوٹا ہوا پیسا واپس لے کرآؤں گا۔زرداری بمینوسینما سے شروع ہوا اور اب کتنی شوگرملز ہیں یہ سب جانتے ہیں۔زرداری میں تمہارا مقابلہ کرنے کیلئے تمہارے گھرنوابشاہ میں آگیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک توکہتا پھر رہا ہے کہ کیوں نکالا؟ اب زرداری تم بھی کہوگے کہ کیوں نکالا اور پھر کیوں جیل میں ڈالا؟ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری بھٹو فیملی میں ایسے ہیں جیسے شریف فیملی میں کیپٹن صفدر ہیں۔لیکن کہاں شریف اور کہاں بھٹو دونوں کامقابلہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ عوام فکر نہ کریں نیا پاکستان بننے والا ہے اندھری رات کا خاتمہ اور نئی صبح طلوع ہونے والی ہے۔