آرمی چیف کی نقیب اللہ محسود کے والد سے تعزیت، جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور قبائلیوں سے خطاب

 
0
491

راولپنڈی، اپریل 06  (ٹی این ایس): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب اللہ محسود کے والد سے ملاقات کر کے ان کے بیٹے کی موت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں نقیب اللہ محسود کے والد سے ملاقات اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ فوج آپ کو انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے مرحوم نقیب اللہ محسود کے بچوں کو پیار بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں نے امن کی بحالی کیلئے بھاری قیمت ادا کی اور شدید دہشت گردی دیکھی۔

آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا قبائلیوں کی خواہش ہے، اس لیے ملکی ترقی کیلئے فاٹا کی قومی دھارے میں شمولیت ضروری ہے۔