اسرائیل کی طرز پر بھارت نے بھی ریاستی عوام پر مظالم کے سلسلہ شروع کر رکھا ہے‘شاہ غلام قادر

 
0
295

مظفرآباد،06اپریل(ٹی این ایس):آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کی انتہا ہو چُکی ہے ۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے نمائندے مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ مظالم کا خاتمہ ہو سکے۔ اسرائیل کی طرز پر بھارت نے بھی ریاستی عوام پر مظالم کے سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حکومت،اپوزیشن اور کشمیری عوام نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کر کے اُن کے تاریخی کاذ حق خود ارادیت کو تقویت پہنچائی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نہتے نوجوانوں کا قتل عام بند ہونا چاہیے۔ ریاستی عوام یہ مظالم زیادہ دیر تک نہیں دیکھ سکتے۔سپیکر اسمبلی نے کہا کہ آزادی کا حق ریاستی عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ملنا ہے جس کے تحت بر صغیر کی 563ریاستوں کو پاکستان یا بھارت کے ساتھ شامل ہونے کی آزادانہ سوچ و اختیار دیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جن کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آزادی کے اس طویل سفر میں لاکھوں افراد جان کی بازی ہار چُکے ہیں، کھربوں کی پراپرٹی تباہ کر دی گئی ہے اور مقبوضہ کشمیر کے ہر کونے کو نذر آتش کرنے میں بھارت نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جس کاکوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں۔ آزادی اُن کا پیدائشی حق ہے جو اُنہیں ہر صورت مل کر رہے گا۔