شام سے متعلق امریکی حکمتِ عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پینٹاگان

 
0
359

واشنگٹن،07اپریل(ٹی این ایس):امریکی دفاعی حکام نے زور دے کر کہا ہے کہ حکمتِ عملی یا امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کینتھ مکینزی نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ ہمیشہ ہی سے ہم یہ سوچتے آئے ہیں کہ جونہی ہم شام میں داعش کے خلاف کام مکمل کریں گے، ہم وہاں اپنی موجودگی کی سطح میں کمی لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں، مشکل مرحلہ ابھی باقی ہے۔ اس میں فوجی کردار کی ضرورت رہے گی، یقینی طور پر استحکام کے مرحلے کے دوران۔پینٹاگان کی سربراہ خاتون ترجمان دانا وائٹ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ میں نے انخلا سے متعلق لوگوں کی افواہیں سنی ہیں۔ مجھے پتا ہے کہ ایسا بہت جلد ہوگا، کیونکہ ہم داعش کو شکست دینے میں انتہائی کامیاب رہے ہیں، لیکن یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔