کترینہ کیف کی سوانح حیات پر مبنی کتاب کا نام’ ’باربی ڈریمز‘‘ رکھا گیا ہے

 
0
6036

ممبئی،13اپریل(ٹی این ایس):بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف جنہیں باربی ڈول بھی کہا جاتا رہا ہے، ہندی سینما میں گزارے اپنے وقت پر کتاب لکھ رہی ہیں، جس کے نام کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔کترینہ کیف کی سوانح حیات پر مبنی کتاب کا نام’ ’باربی ڈریمز‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں ان کے اب تک کے بولی وڈ سفر کے کئی راز موجود ہوں گے۔اس کتاب میں کترینہ کیف اپنے کیریئر کی پہلی فلم ’بوم‘ سے لے کر آخری ہٹ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ تک بات کریں گی۔وہ ایک عام اداکارہ سے بولی وڈ کی سپراسٹار کیسے بنیں اور انڈسٹری میں کسی سے تعلق نہ ہونے کے باوجود انہوں نے یہ مقام کیسے حاصل کیا، ان باتوں کا ذکر بھی اس کتاب میں کیا جائے گا۔اداکارہ سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’جب کترینہ سے اپنی سوانح حیات لکھنے کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تو شروع میں انہیں ایسا محسوس ہوا کہ ابھی اسے تحریر کرنا ان کے کیریئر میں کافی جلدی ہوگا، لیکن انہیں بہت منانے کے بعد آخر کار اداکارہ نے حامی دے دی۔ذرائع کے مطابق اس کتاب میں کترینہ کے بچپن پر بھی فوکس کیا جائے گا، کیوں کہ انہوں نے اپنا بچپن کئی ممالک میں گزارا ہے جن میں جاپان، لندن وغیرہ شامل ہیں، تو وہ اس کتاب میں بھی اپنا تجربہ شیئر کریں گی۔خیال رہے کہ کترینہ کیف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت زیادہ بات چیت کرنا پسند نہیں کرتی، انڈسٹری میں کئی سال گزارنے کے باوجود کترینہ کے مداح فلموں کے علاوہ ان کی زندگی کے بارے میں بہت کچھ نہیں جانتے۔اور یہی وجہ ہے کہ کترینہ کیف کی سوانح حیات پر مبنی کتاب شائقین کے درمیان زیادہ توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2003 کی فلم ’بوم‘ سے کیا، جس میں اداکارہ کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ فلم بھی باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی۔اس کے بعد کترینہ 2005 میں فلم ’سرکار‘ میں ابھیشیک بچن کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں، تاہم اداکارہ کو پزیرائی ان کی فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ سے ملی جو 2005 میں ریلیز ہوئی تھی۔کترینہ نے اپنے کیریئر میں کئی بولی وڈ فلموں میں کام کیا، تاہم کئی مرتبہ انہیں کمزور اداکاری اور کمزور ہندی بولنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔