امریکہ کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور سفارتخانے کی یروشلم منتقلی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے: صدر مملکت

 
0
326

پاکستان قبلہ اول کے ساتھ جذباتی لگا ؤرکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر رہنے دیا جائے: فلسطین کے سبکدوش سفیر کیساتھ الوداعی ملاقات میں اظہار خیال

اسلام آباد،اپریل 13  (ٹی این ایس):  صدر مملکت ممنون حسین  نے کہا ہے کہ امریکہ کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور سفارت خانے کی یروشلم منتقلی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ عالمی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ فلسطین، لبنان اور شام سمیت خلیجی ممالک سے قابض افواج فوری واپس جائیں  اور علاقوں کی بحالی کے لیے اقدامات  کیے جائیں۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر ولید اے ایم ابو علی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکو ں کے درمیان برادرانہ تعلقات  مذہب، ثقافت اور اقتدار کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان عرب اسرائیل مسئلے کا پر امن حل چاہتا ہےتاکہ خطے میں امن قائم ہو۔ انھوں نے 30 مارچ کو غزہ پر اسرائیلی حملے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ۔ پاکستان قبلہ اول کے ساتھ جذباتی لگا ؤرکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر رہنے دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل فلسطین میں  ظلم کر رہا ہے اسی طرح بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہور ہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی طرح مسئلہ کشمیر بھی اقوام متحدہ  میں کافی عرصہ سے حل طلب ہے جسے فوری طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطے کے امن کے لیے ضروری ہے کہ عالمی طاقتیں اس طرف توجہ دیں ۔

اس موقع پر فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر ولید اے ایم ابو علی نے کہا کہ وہ ایک عرصے سے پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں جہاں انھیں بہت پیار ملا اور مکمل تعاون رہا۔ انھوں نے صدر مملکت کو یقین دلایا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کےلیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔