کرنل جوزف کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا: شرکاء احتجاج کا انتباہ
اسلام آباد،اپریل 13 (ٹی این ایس): امریکی سفارتخانے کے ایئراتاشی کرنل جوزف کی تیزرفتارلینڈکروزرگاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے لواحقین اوراہل علاقہ نے امریکی اہلکارکی عدم گرفتاری پر احتجاجی ریلی نکالی اورنیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھرپوراحتجاج کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈز اوربینرزبھی اٹھارکھے تھے ۔
مظاہرے کے شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک واقعہ میں ملوث امریکی کرنل جوزف کو گرفتارنہیں کیاجاتاتب تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کے روز7 اپریل کو سہہ پہر تین بجے کے قریب پیش آیا تھا جب دامن کوہ کے نزدیک ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی تیزرفتار لینڈکروزرگاڑی نے تلہاڑ کے رہائشی نوجوان عتیق بیگ کے موٹرسائیکل کو ٹکرماردی۔حادثے میں نوجوان موقع پر دم توڑگیاجبکہ اس کا کزن شدیدزخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد امریکی سفارتخانے کے ایئراتاشی کرنل جوزف جوگاڑی خود چلارہاتھاپولیس کی ملی بھگت سے موقع سے فرارہوگیا۔
مظاہرین کاکہناہے کہ آج ہماراپہلاپرامن احتجاج ہے ۔ احتجاج کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گاجب تک حکومت امریکی کرنل جوزف کو گرفتارکرکے قانون کے تحت کارروائی نہیں کرتی۔
امریکی کرنل کی گاڑی تلے آکرجاں بحق ہونے والے نوجوان عتیق بیگ کے والد ادریس بیگ نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ملزم کو فوری طورپر گرفتارکرکے اسے قانون کے تحت سزادی جائے۔