مسئلہ کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

 
0
964

مانچسٹر اپریل 14(ٹی این ایس) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہٰذا دنیا میں جہاں جہاں بھی کشمیری آبادہیں وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردارا داکریں۔حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔لہذا اب کشمیری خود اٹھ کھڑے ہوں اور اس سلسلے میں اپنا کردارادا کریں۔میں نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دنیا میں جہاں جہاں بھی جائے گا میں اسکا ہرجگہ پیچھا کرونگا۔مودی جب 18 اپریل کو لندن میں کامن ویلتھ کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے گا تو تمام کشمیری اسکے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کر کے یہ ثابت کردیں گے کہ کشمیری قوم ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور مودی اور بھارت کا اصل چہرہ ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اسلام آباد سے برطانیہ کے مانچسٹر ائیرپورٹ پہنچنے پر اپنے استقبال کے لئے آنے والے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مانچسٹرائیرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔انھیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔اس موقع پرمانچسٹر ائیرپورٹ پر انکا استقبال کرنے والوں میں پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ نارتھ زون کے صدر چوہدری مالک، لیڈز کے صدرعدنان صابر، مانچسٹر کے سینئر نائب صدر چوہدری امتیاز،چوہدری جاوید سماہنی، اولڈھم کے صدر شبریز، ہیلی فیکس کے صدر سبطین اور دیگر پارٹی رہنماء اور کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی جہاں جہاں بھی جائے گا میں ہر جگہ اسکا پیچھا کرونگاکیونکہ مودی ایک انتہاء پسند اور دہشت گرد ہے ۔ میں نے پچھلے دو ماہ میں یورپین پارلیمنٹ میں خطاب کے علاوہ یورپین کمشن اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں، جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشن کے سامنے مظاہرہ کیا اور اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کمشن میں اعلی سطحی ملاقاتیں کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور سیئز فائر لائن پر آئے روز بھارتی خلاف ورزیوں پربریفنگ دی۔کیونکہ مقبوضہ کشمیرمیں صرف اپریل کے مہینے میں تین سو سے زائد کشمیریوں کے شہید کیا جا چکا ہے۔ اسلئے کامن ویلتھ کانفرنس میں آئے ہوئے مودی اور بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔کیونکہ مودی حقیقت میں ایک درندہ ہے جو بھارت میں مقیم اقلیتوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگے ہوئے ہے۔اسلئے ہم 18 اپریل کو مودی کے خلاف مظاہرے میں کشمیریوں کے ساتھ بھارت کی اقلیتوں جن میں دلت، کرسچن،سکھ، اسامی سب کو شامل کرکے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ لہذا میں تمام کشمیریوں کو اس مظاہرے میں شرکت کی دعوت دونگا۔