حکومت نے بنیادی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، سیاسی جماعتوں کو اپنی پارٹیوں میں خواتین کی تعداد بڑھانی چاہئے: مریم اورنگزیب

 
0
706

پہلی جماعت سے ہی خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کے حقوق کے مضامین شامل کئے گئے ہیں تاکہ بچے آئندہ کی زندگی میں ذمہ دار شہری بن سکیں: یوم خواتین بارے کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد، 14 اپریل (ٹی این ایس): وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، موجودہ حکومت نے بنیادی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد میں چارٹرڈ اکائونٹنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم خواتین کے بارے میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ نظر ثانی شدہ نصاب میں پہلی جماعت سے ہی خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کے حقوق کے مضامین شامل کئے گئے ہیں تاکہ بچے آئندہ کی زندگی میں ذمہ دار شہری بن سکیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی ملک زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی فعال شرکت کے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔

مریم اورنگزیب نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیلہ تعلیم پروگرام کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنی پارٹیوں میں خواتین کی تعداد بڑھانی چاہئے اور انہیں انتخابات میں مزید ٹکٹ بھی جاری کئے جانے چاہئیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کو اپنے پروگراموں کے ذریعے خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کے بارے معلومات کی فراہمی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردارادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے پی ٹی وی کے خواتین کے کھیلوں سے متعلق پروگراموں کا حوالہ دیا جہاں زیادہ سے زیادہ خواتین کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے خواتین گیمز کو فروغ دیا جارہا ہے۔