اسلام آباد ۔ 20 مارچ (ٹی این ایس) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے برآمد کنندگان کو مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ری پیمنٹس کی مد میں برآمد کنندگان کی رقوم کو ایک دن بھی اپنے پاس رکھنے کی خواہش نہیں رکھتی اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی ہے، برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں ڈرا بیک اور جی ایس ٹی ریفنڈ کی جلد ادائیگی کیلئے حکومتی حتیٰ الوسع کوشش جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں برآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ ملاقات میں کورونا وائرس کی وبائ، اس سے عالمی معیشتوں اور پاکستان کی برآمدی صنعتوں پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد اور مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وفد کو مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے ریفنڈ رواں ماہ کے دوران ادا کئے جائیں گے جبکہ ایکسپورٹ ری بیٹ کی ادائیگی اپریل میں کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری خزانہ کو سٹیک ہولڈروں کے ساتھ اجلاس کرکے ان کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے بحران میں ملازمین اور ورکروں کو ملازمتوں سے فارغ نہ کرنے کے فیصلہ کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ جس طرح حکومت ان کا خیال رکھ رہی ہے اسی طرح اپٹما بھی اپنے ملازمین کا خیال رکھے۔ قبل ازیں وفد نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی معیشتیں کساد بازاری کی صورتحال سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی برآمدات بالخصوص اپریل کے برآمدی آرڈرز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وفد نے بتایا کہ جنوری اور فروری میں برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا تھا تاہم آنے والے مہینوں میں برآمدی صنعتوں کو سیٹ بیک کا سامنا کرنا پڑے گا، عالمی تجارتی صورتحال کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو کیش فلو سے متعلق مسائل کا سامنا ہے اور اس ضمن میں حکومت کو ری پیمنٹ اور ریفنڈ کی فوری ادائیگی کی صورت میں برآمد کنندگان کی مدد کرنا چاہئے۔ انہوں نے وزیراعظم کے مشیر کو اس سلسلہ میں تجاویز کی فہرست بھی دی جن میں کورونا وائرس کی وباءسے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی تجاویز شامل تھیں۔ وفد نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بتایا کہ بحران کے اس دور میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔