مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان چل بسا

 
0
369

سرینگراپریل 15(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر کے ضلع گاندر بل میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان سرینگر کے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گاندر بل کے علاقے چھتر گل کنگن کا رہائشی 22سالہ عبدالحمید لون 3اپریل کو بھارتی فورسز کی پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوا تھا۔ زخمی نوجوان کو سرینگر کے صورہ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ12روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج صبح سویرے شہید ہو گیا۔گوہر احمد راتھر نامی ایک اور نوجوان بھی تقریباپندرہ روز قبل کنگن میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔ یوں رواں ماہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کنگن میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد دو ہو گئی۔ادھر قابض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے کنگن میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی اور شہید نوجوانوں اور تحریک آزادی کے حق تصاویر اور دیگر تحریری مواد اپ لوڈ کرنے سے روکنے کیلئے علاقے میں انٹرنیٹ فون سروس معطل کر دی ہے۔