مظاہروں میں فلسطینیوں کا روپ دھارے اسرائیلی ایجنٹس کی موجودگی کا انکشاف

 
0
390

مقبوضہ بیت المقدس 16(ٹی این ایس)فلسطینیوں کے روپ میں چھپے اسرائیل ایجنٹس کا انکشاف ہوا ہے جو موقع ملتے ہی فلسطینیوں کو مار ڈالتے ہیں یا اسرائیلی فوج کے سامنے لے آتے ہیں تاکہ انہیں قتل کردیا جائے اس گروپ کو مستعربین کا نام دیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ ایجنٹس فلسطینیوں کے لب و لہجے میں عربی بولتے ہیں، عین عربوں جیسا برتاؤ کرتے ہیں ان کے چہرے فلسطینی رومال سے ڈھکے ہوتے ہیں، یہ اسرائیل مخالف مظاہروں میں اسرائیل کے خلاف نعرے بھی لگاتے ہیں جب یہ فلسطینی مظاہرین میں شامل ہوتے ہیں تو اچانک اپنے لباس میں چھپی گنیں ان پر تان لیتے ہیں اور انہیں شہید کردیتے ہیں یا پھر انہیں دور موجود اسرائیلی افواج میں بیٹھے اسنائپرز کا تر نوالہ بنادیتے ہیں یا اسرائیلی افواج آگے بڑھ کر ان فلسطینیوں کو دبوچ لیتی ہے اس کے بعد تمام مظاہرین غائب ہوجاتے ہیں اور صرف ایک نعرہ سنائی دیتا ہے ’’مستعربین‘‘ ۔مستعربین یا مستعروِم عبرانی زبان کا لفظ ہے جو عربی لفظ مستعرب سے لیا گیا ہے۔ یہ لفظ کسی ایسے شخص کے بارے میں کہا جاتا ہے جو عرب زبان اور تہذیب سے اچھی طرح واقفیت رکھتا ہو۔ لیکن اسرائیلی تناظر میں مستعربین ایسے لوگوں کو کہتے ہیں جو خاص خوفناک مشن لے کر فلسطین کی صفوں میں جاگھستے ہیں اور انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ اسرائیل کے سب سے چالاک ایجنٹ ہیں۔