القْدس فلسطین کا دارالحکومت ، ہمارا موقف پختہ اور واضح ہے ، شاہ سلمان

 
0
369

ریاض جنوری 10(ٹی این ایس)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور فلسطینی ریاست کے صدر محمود عباس کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بات چیت میں شاہ سلمان نے باور کرایا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین اور اس سے متعلقہ تمام امور کے حوالے سے ثابت قدمی پر مبنی واضح مواقف رکھتا ہے۔ ان امور میں فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کے اس کے دارالحکومت ہونے سے متعلق فلسطینی عوام کے قانونی حقوق اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا ایک منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنا شامل ہے۔دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے مملکت کی جانب سے فلسطین ، اس کے عوام اور اْن کے معاملات کی عادلانہ نصرت کے لیے تاریخی اور دائمی حمایت پر خادم حرمین شریفین کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس حوالے سے مملکت کے موقف کو گراں قدر قرار دیا۔