حج پالیسی 2018ء پر عملدرآمد رکوانے کیلئے دائر متفرق درخواست پر وفاقی حکومت کو 15جنوری کیلئے نوٹس جاری

 
0
316

لاہور جنوری 10(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے حج پالیسی 2018ء پر عملدرآمد رکوانے کے لیے دائر متفرق درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15جنوری کو جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت،وفاقی مذہبی امور،مصابطی کمشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ نئی حج پالیسی 2018ء سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عملدرآمد کیے بغیر جاری کی گئی، نئی حج پالیسی میں پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کوٹہ 33فیصد مختص کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ حج پالیسی میں نجی حج ٹو آپریٹرز کا کوٹہ 40 فیصد رکھا گیا تھا،حج پالیسی 2018ء میں نجی حج ٹور آپریٹرز کا کوٹہ 33فیصد رکھ کا حق تلفی کی گئی ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان نئی حج پالیسی میں نئے ٹور آپریٹرز کوکوٹہ دینے کا حکم دے چکی ہے،عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمدرآمد کیے بغیر حج پالیسی 2018جاری کرنا توہین عدالت ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پشاور ہائیکورٹ وفاقی مذہبی امور کو نئے حج ٹور آپریٹرزکی جانچ پڑتال سے روک چکی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حج پالیسی 2018ء پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد کروایا جائے۔