لاہور جنوری 10(ٹی این ایس) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 18جنوری کو وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست سول سوسائٹی کی آمنہ ملک نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی جس میں نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشاندہی کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف اور ان کی بیٹی مسلسل عدلیہ پت تنقید کر رہے ہیں، کوٹ مومن میں دوبارہ عدلیہ مخالف تقاریر کی گئیں ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر توہین عدالت کے مترادف ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات پر پابندی لگائی جائے۔عبداللہ ملک نے دلائل دیئے کہ عدلیہ پر تنقید کر کے اداروں کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، اداروں کی بالادستی اور داروں کے تقدس کا خیال رکھنا ہم سب کی زمداری ہے۔ عدالت نے زیر سماعت دیگر درخواستیں کے ساتھ یکجا کر دیا اور نوٹس جاری کرتے ہوئے 18جنوری کو وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔