شام پر105 میزائل داغے گئے، اہداف کوکامیابی سے نشانہ بنایا،امریکہ 

 
0
293

ماسکو/واشنگٹن 16(ٹی این ایس)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہاہے کہ شام پر 105 میزائل داغے گئے اور تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ روس نے کہاہے کہ 71 میزائل حملوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ناکارہ بنا دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ڈائریکٹر جائنٹ چیفس آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کینتھ میکنزی نے بتایاشام پر حملے کامیاب رہے۔انہوں نے کہاکہ شام پر کل ایک سو پانچ میزائل داغے گئے اور تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بڑی احتیاط سے کام لیا گیا ہے اور امریکا سمجھتا ہے کہ شامی حکومت کی کیمیائی حملے کی صلاحیت کو کافی حد تک ختم کردیا گیا ہے۔دوسری جانب روسی وزیرخارجہ نے کہاکہ اتحادیوں کی جانب سے فائر کئے گئے 71میزائل حملوں کو شامی ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ناکارہ بنادیا۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے بیان میں امریکا اور اتحادی حملوں کو ناقابل قبول اور غیر قانونی قرار دیا۔