نواز شریف کی طرف سے نگراں وزیر اعظم کیلئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور رضا ربانی کے نام تجویز

 
0
506

جمہوریت کی مضبوطی اور ملک کی خاطر ایسا نام منتخب کرنا ہوگا جو ہر قیمت پر الیکشن وقت پر کرائے: آصف زرداری کو پیغام

اسلام آباد، 16 اپریل (ٹی این ایس ): نگراں وزیاعظم اور وزرائےاعلیٰ کیلئے مشاورتی عمل تیز ہوگیا ہے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی تین ملاقاتوں میں ابتک کسی بھی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے تین ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کے نام اپنے پیغام میں نگراں وزیر اعظم کیلئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی اور رضا ربانی کے نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی اور ملک کی خاطر ایسا نام منتخب کرنا ہوگا جو ہر قیمت پر الیکشن وقت پر کرائے۔

رپورٹ کے مطابق  اس تجویز  پر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ  وہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دینگے ۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان  تصدق حسین جیلانی،سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین اور عبدرالرزاق داود کے نام تجویز کئے اور شاہ محمود قریشی اس ضمن میں  عنقریب سید خورشید شاہ سے ملاقات کریں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کوشش ہے ہر حال میں الیکشن وقت پر ہوں کیوں کہ نواز شریف کے خاندان کیخلاف ہونے والی کاروائیوں میں اسی صورت میں  رلیف مل سکتا ہے کہ ملک میں جمہوری حکومت ہو تاہم آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم کے پیغام کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔