امریکا پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر رہا ہے، پاک امریکا اتحاد ختم ہوچکا ہے۔عمران خان کا روسی ٹی وی کو انٹرویو

 
0
559

بنی گالہ اپریل 17(ٹی این ایس): چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر رہا ہے، پاک امریکا اتحاد ختم ہوچکا ہے۔ریشین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کی تھوڑی سی امداد ہمیں بہت مہنگی پڑی ہے۔ امریکی جنگ میں ہمارے ستر ہزار لوگ جان سے گئے، تین سے چار ملین افراد در بدر ہوگئے جبکہ معیشت کا نقصان سو بلین ڈالر تک جا پہنچا۔ پاکستان کا نقطہ نظر یہ ہے کہ ہمیں کسی اور کی لڑائی نہیں لڑنی چاہیے۔امریکی صدر کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان کی تاریخ کو نہیں سمجھ سکتے۔ وہاں کے لوگ غیر ملکیوں کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے ہمیشہ غیر ملکی حملہ آوروں کا مقابلہ کیا ہے۔ ٹرمپ جان لیں کہ فوج کشی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ٹرمپ افغانستان میں ناکام ہو جائیں گے۔عمران خان نے افغانستان میں امن کا واحد راستہ پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر سیاسی حل کو قرار دیا۔بھارت سے تعلقات کے معاملے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کی پاکستان سے متعلق پالیسی انتہائی جارحانہ ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان امن مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی آئے گا۔پاکستان بھارت کو تنازعات کے حل کے لیے مل کر بیٹھنا چاہیے۔