خیبرپختونخوا پولیس میں اعلیٰ سطح پر تبادلے، ڈی آئی جی قاضی جمیل الرحمٰن پشاور کے نئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر متعین

 
0
581

پشاور، اپریل 17(ٹی این ایس ):خیبرپختونخوا پولیس میں اعلیٰ سطح پر تبادلے کردئیے گئے ہیں جن کے تحت  ڈی آئی جی قاضی جمیل الرحمٰن پشاور کے نئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) تعینات کردیئے گئے جبکہ ان کے پیش رو محمد طاہر خان کو ڈی آئی جی سپیشل برانچ مقرر کردیا گیا ۔

گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس ( سی پی او) سے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی مبارک زیب کو سنٹرل پولیس آفس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گریڈ 19 کے ڈی آئی جی فنانس خیبرپختونخوا محمد سلیم خان کو ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا ، ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن ریٹائرڈ طاہر ایوب خان کو کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزروو پولیس ( ایف آر پی ) ، گریڈ 19 کے محمد اعجاز خان کو ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ تعینات کردیا گیا۔

تقرری کے منتظر افسران،گریڈ 18 کے عرفان اللہ خان کو اے آئی جی سٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا، گریڈ 18 کے پی ایس پی آفیسر زیب اللہ خان کو ڈائریکٹر ایف ایس ایل پشاور،گریڈ 18 کے سجاد خان کو ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا ، گریڈ 18 کے مسعود احمد خلیل کو ایس پی ٹریننگ سرکل پولیس آفس ، جبکہ ایس پی ٹریفک وارڈن ہزارہ عبدالصبور کو ڈی پی او شانگلہ تعینات کردیا گیا ہے ۔