آصف علی زرداری  کی پی آئی اے یونین کے انتخابات میں پیپلز یونٹی کی کامیابی پر پیپلزیونٹی عہدیداروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو مبارکباد

 
0
427

اسلام آباد ، اپریل  20 (ٹی این ایس): سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے پی آئی اے یونین کے انتخابات میں پیپلز یونٹی کی کامیابی پر پیپلزیونٹی کے مرکزی صدر ہدایت اللہ خان اور تمام عہدیداروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو مبارکباد دی ہے۔

اپنےتہنیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں اور محنت کشوں کی نمائندہ پارٹی ہے اور ہر قدم پر محنت کشوں کے حقوق کا دفاع کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ مزدوروں اور محنت کشوں کا پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیم پر اعتماد کا اظہار اس بات کی عکاسی ہے کہ مزدور اور محنت کش پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کا ساتھ دیا ہے اور محنت کشوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے پیپلزیونٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ محنت کشوں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لئے ان کے حقوق کا دفاع کرتے رہیں۔