ق لیگ کے عظیم الدین لکھوی اور ہاشم ڈوگر تحریک انصاف میں شامل

 
0
826

اسلام آباد اپریل 24(ٹی این ایس): مسلم لیگ ق کے رہنما ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور کرنل (ر) ہاشم ڈوگر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے، اس طرح پی ٹی آئی نے ق لیگ کی مزید دو وکٹیں گرادیں۔تفصیلات کے مطابق عظیم الدین لکھوی اور ہاشم ڈوگر نے عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ملاقات کے دوران رہنماؤں نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دونوں رہنماؤں کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اور انھیں پارٹی مفلر پہنائے۔ خیال رہے کہ رانا اقبال چنڑ کے بھتیجوں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔ق لیگ کے دونوں رہنماؤں کا تعلق قصور سے ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہت دیر کردی، میں کافی عرصے سے منتظر تھا کہ آپ کب تحریک انصاف میں شامل ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ دو دن قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا تھا، جب کہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال ورک نے بھی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔