لاہور میں خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے اسکول کے بعد پہلا اولڈ ہوم بھی بن گیا

 
0
480

لاہور اپریل 26(ٹی این ایس) لاہور میں خواجہ سرا کمیونٹی کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایک اسکول کے قیام کے بعد پاکستان میں خواجہ سراؤں کے لیے پہلا اولڈ ہوم بھی بن گیا۔لاہور کے قریب رچنا ٹاؤن میں بنایا گیا یہ اولڈ ہوم کسی اور نے نہیں بلکہ خواجہ سراؤں کی اپنی ہی ایک تنظیم ’’بے گھر فانڈیشن‘‘نے بنایا ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔اس اولڈ ہوم میں بے سہارا، بیمار اور ایڈز جیسے امراض میں مبتلا خواجہ سراؤں کو رہائش،کھانا اور علاج معالجے کی سہولتیں مفت مہیا کی جائیں گی۔بے گھر فانڈیشن کی چیئرپرسن عاشی بٹ نے کہا کہ جب وہ بیمار اور لاچار خواجہ سراؤں کو سڑکوں پر خوار ہوتے اور سسکتے دیکھتی تھیں تو انہیں بہت دکھ ہوتاتھا۔خدا نے ان کی مدد کی اور آج ایڈز، ہیپاٹائیٹس سی اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا بے سہارا خواجہ سراؤں کو ایک محفوظ ٹھکانہ مل گیا ہے۔فی الوقت سنگل اسٹوری پر مشتمل اس اولڈ ہوم میں 50خواجہ سراؤں کی رہائش کی گنجائش ہے جبکہ اس اولڈ ہوم کی تعمیر کے لیے تمام اخراجات خواجہ سراء تنظیم نے خود برداشت کیے ہیں۔اپنوں کی بے اعتنائی کا شکار خواجہ سرا کہتے ہیں کہ یہ اولڈ ہوم ان کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔انہیں ان کے اپنے پوچھیں یا نہ پوچھیں، انہیں فرق نہیں پڑتا کیونکہ اب ان کے لیے ایک اولڈ ہوم موجود ہے۔دوسری جانب بیمار،بے گھر اور بے سہارا خواجہ سراں کی حکومت سے اپیل ہے کہ دیگر شہروں میں بھی ایسے اولڈ ہوم بنائے جائیں۔