تھانہ کھنہ، موٹرسائیکل سوار ڈکیت گروہ نے مقامی اخبار کے صحافی کو لوٹ لیا، پولیس ڈکیت گروہ کو گرفتارکرنے میں ناکام

 
0
394

اسلام آباد،اپریل 27(ٹی این ایس ):تھانہ کھنہ کی حدود میں سرگرم موٹرسائیکل سوار ڈکیت گروہ نے مقامی اخبار کے صحافی کو بھی لوٹ لیا۔پولیس ڈکیت گروہ کو گرفتارکرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔رواں ماہ کے دوران اس ڈکیت گروہ کے ہاتھوں راہزنی اورڈکیتی کی یہ دسویں واردات بتائی جاتی ہے۔پولیس نے متعدد وارداتوں کا مقدمہ تک درج نہیں کیا۔محلہ مجاہدآبادکشمیرکالونی راولپنڈی کے رہائشی مقامی اخبار کے صحافی عمران ملک نے تھانہ کھنہ کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روز میں حسب معمول دفتر سے چھٹی کرکے گھرکی طرف جارہاتھاکہ اقبال ٹاؤن سٹاپ کے ساتھ واقع لوہے کے پل سے گزرتے ہوئے یہاں پرون ٹوفائیوموٹرسائیکل پر پہلے سے موجود دوملزمان نے مجھے گن پوائنٹ پر روک لیا اورمیری تلاشی لیتے ہوئے میری جیب سے دوعددموبائل فون ،ستائیس ہزار روپے کیش اورضروری کاغذات چھین لئے اورفرارہوگئے۔

واقعہ کی بروقت اطلاع بذریعہ ون فائیوپولیس کو دی گئی ۔جس پر پولیس موقع پر پہنچنے کے باوجود ملزمان کو گرفتارنہ کرسکی۔تاہم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع کاکہناہے کہ تھانہ کھنہ کی حدود میں موٹرسائیکل سوار ڈکیت گروہ کے ہاتھوں آئے روز راہگیروں،کارسواروں اورموٹرسائیکل سواروں کو لوٹاجارہاہے۔جبکہ اس ڈکیت گروہ کی گرفتاری میں پولیس کی بے بسی پر شہریوں میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں نے آئی جی اورایس ایس پی اسلام آبادسے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔