رمضان پیکج کا اعلان,عوام کو رعایتی نرخ پراشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی

 
0
388

اسلام آباد اپریل 27(ٹی این ایس): وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک ارب 73 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کردیا جس کے تحت رمضان میں عوام کو رعایتی نرخ پراشیائے خوردونوش فراہم کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت گزشتہ روز وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایک ارب 73 کروڑ روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہدایت کی رمضان پیکج کے تحت روزمرہ استعمال کی اشیاء مارکیٹ سے کم نرخوں پرفراہم کی جائیں۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز پرجن اشیاء پرسبسڈی فراہم کی جائے گی ان میں آٹا، گھی، چینی، خوردنی تیل، دالیں، کھجوریں، چاول، مشروبات، دودھ اور چائے کی پتی سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ای سی سی نے اجلاس میں 660 کلوواٹ ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) مٹیاری- لاہور ٹرانسمیشن لائن کی مالیاتی بندش کی تاریخ، پرفارمنس گارنٹی کی رقم دگنا کیے بغیر 7 ماہ یعنیٰ یکم دسمبر تک توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے یہ فیصلہ تھر اور کراچی کے قریب کوئلے سے چلنے والے بجلی کے آئندہ منصوبوں اور کراچی میں 1100 میگا واٹ کے ٹو پراجیکٹ کی الاٹمنٹ کے لیے کیا گیا۔اجلاس میں توانائی سیکٹر کو بحران سے نکالنے کے لیے کمرشل بینکوں سے 100 ارب قرض لینے کی بھی منظوری دی گئی، اس رقم کو بجلی فراہم کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور بجلی بنانے والی کمپنیوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور فیول کی مد میں خرچ کیا جائے گا۔ای سی سی نے اجلاس میں مالی سال 18-2017 کے لیے تمباکو سیس ریٹس پرنظرثانی کی بھی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ پاسکو کو سمندری راستے کے ذریعے 1155 ڈالرفی ٹن کے ری بیٹ پر5 لاکھ ٹن فصل گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔