پشاور میں ایک ہی خاندان کے 3 بچے مبینہ طور پر انسداد پولیو ویکسین کے استعمال کے بعد جاں بحق 

 
0
375

پشاور اپریل 30(ٹی این ایس)صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک ہی خاندان کے 3 بچے مبینہ طور پر انسداد پولیو ویکسین کے استعمال کے بعد جاں بحق ہوگئے جبکہ محکمہ صحت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور شہر کے علاقے شاہین مسلم ٹاؤن میں مبینہ طور پر 3 بچے پولیو ویکسین لگنے کے بعد دم توڑ گئے، والدین کے مطابق 12 ماہ کے ریحان، 4 ماہ کے شہرام اور ایک ماہ کے عالیان کو پولیو ویکسی نیشن سینٹر میں پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے جس کے بعد ان کو تیز بخار ہو گیا اور یہ تینوں بجے جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق تینوں ننھے بچوں کو سپرد خاک کر دیا گیا تاہم والدین نے حکومت سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کیلئے ماہرین کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جسے 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔