حماہ میں شامی اورایرانی فورسزکے دوفوجی اڈوں پر میزائل حملے اوربم دھماکے

 
0
560

دمشق مئی 1(ٹی این ایس):شام کے شہر حماہ کے نواح میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حکام کی جانب سے دھماکوں کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔شام میں بشار حکومت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دھماکے سرکاری فوج کے زیر انتظام گولہ بارود کے ایک گودام میں آگ لگنے کے نتیجے میں ہوئے۔ بعض دیگر ذرائع کے مطابق حلب اور حماہ کے نواح میں شامی اور ایرانی فورسز کے ٹھکانوں کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جن دو فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ان کے اندر ایرانی عناصر موجود تھے۔ المرصد یہ معلوم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا کہ یہ میزائل کس نے داغے اور حملے میں کتنا جانی نقصان ہوا۔اس سلسلے میں دستیاب معلومات کے مطابق حماہ کے جنوبی نواح میں بریگیڈ 47 کے ہیڈکوارٹر پر جہاں ایرانی فورسز تعینات ہیں اور سلحب قصبے کے نزدیک دیگر علاقوں پر میزائلوں سے بم باری کی گئی۔ ان کے علاوہ النیرب عسکری ہوائی اڈے کے علاقے اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک شامی حکومت کی فورسز اور ان کے حلیفوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں نشانہ بننے والے مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔شامی سرکاری ٹیلی وژن نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ میزائلوں سے حماہ اور حلب کے نواح میں کئی فوجی اڈوں کو نقصان پہنچا۔