نقیب قتل کیس: راؤ انوار بیمار، عدالت میں پیش نہ ہوئے،عدالت کا اظہار برہمی

 
0
296

کراچی مئی 2(ٹی این ایس): نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزم معطل ایس ایس پی راؤ انوار بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔پولیس نے 21 اپریل کو راؤ انوار کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے انہیں 2 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔معطل پولیس افسر راؤ انوار کو آج عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم وہ طبعیت کی خرابی کے باعث پیش نہیں ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل حکام کی جانب سے راؤ انوار کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ راؤ انوار کو کئی بیماریاں لاحق ہیں، ان کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہے جس کے باعث ان کی طبعیت ناساز ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

جیل حکام کی جانب سیمیڈیکل رپورٹ پیش کیے جانے پر مدعی مقدمہ کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر راؤ انوار کو بغیر ہتھکڑی کے پروٹوکول کے ساتھ پیش کیا گیا اور وہ ہشاش بشاش تھے۔مدعی مقدمہ کے اعتراض پر عدالت نے جیل حکام کو حکم دیاکہ راؤ انوار کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے، اگر وہ پیش نہ ہوئے تو جس ڈاکٹر نے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنایا اسے بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں فوری طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ کیس کے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے آگاہ کیا جائے۔پولیس کی جانب سے کیس کے حتمی چالان کی مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں محکمہ داخلہ نے ملتان لائنز ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 21 اپریل کو راؤ انوار کو سینٹرل جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم ملزم کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ملتان لائنز ملیر کینٹ میں رکھا گیا۔محکمہ داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ٹیلی فون پر بتایا کہ راؤ انوار کوسیکیورٹی خدشات ہیں، انہیں سینٹرل جیل کی بجائے ملتان لائنز ملیر کینٹ میں رکھا جائے اور ملتان لائنز کو سب جیل قرار دیا جائے جس پر ملتان لائنز کو سب جیل قرار دیا گیا۔ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن عدالت کوموصول ہوگیا جس کے مطابق ملتان لائنز، ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے گئے، محکمہ داخلہ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کواحکامات جاری کیے۔نوٹیفکیشن کے مطابق راؤ انوار کو سینٹرل جیل کی بجائے ملیر کینٹ ملتان لائنز میں رکھاگیا ہے۔

ذرائع کیمطابق ملیر کینٹ ملتان لائنز میں راؤ انور کی رہائش گاہ ہے اور ان کے گھر کو ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہیکہ راؤ انوار کی رہائش گاہ کو واضح نہ کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن میں ملتان لائنز کا ذکر گیاہے۔دوسری جانب مقتول نقیب اللہ کے اہل خانہ بھی آج انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راؤ انوار بیمار نہیں مکار ہے، اگر اب انہیں ہتھکڑی لگاکر نہیں لایا گیا تو احتجاج کرکے پورا ملک بند کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ راؤ انوار تو بہادر تھا، اب حیلے بہانے بنارہاہے، ہمیں اللہ کے بعد عدالت سے امید ہے، راؤ انوار سندھ حکومت کا بہادر بچہ بنارہا ہے تو یہ عمل انصاف کے خلاف ہوگا۔