نوابشاہ میں پیر کو اپریل کے مہینے میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ٗ ماہر موسمیات 

 
0
372

اس سے قبل 19 اپریل 2017 کو لاڑکانہ میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا ٗ
پیرس مئی 2(ٹی این ایس) فرانسیسی ماہر موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہر نوابشاہ میں پیر کو اپریل کے مہینے میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت یعنی 50 اعشاریہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔فرانس سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر موسمیات Etienne Kapikian نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان کے شہر نوابشاہ میں پیر کو اپریل کے مہینے میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت یعنی 50 اعشاریہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سا انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 19 اپریل 2017 کو لاڑکانہ میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ماہرنے اسے پورے براعظم ایشیاء میں اپریل کے مہینے میں گرمی کا نیا ریکارڈ بھی قرار دیا۔

واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے ماہر کرسٹوفر برٹ نے ایک قدم مزید آگے بڑھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ شاید پوری دنیا میں اپریل کے مہینے میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔کرسٹوفر برٹ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اپریل 2001 میں میکسیکو کے شہر سانتا روسا میں ریکارڈ کیا گیا 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت مشکوک بھروسے کا حامل ہے جب اس حوالے سے پاکستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول سے بات کی گئی تو انہوں نے تصدیق کی کہ یہ اپریل کے مہینے میں پاکستان کی موسمیاتی تاریخ میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس درجہ حرارت کے ایشیاء یا پوری دنیا میں اپریل کے مہینے میں بلند ترین درجہ حرارت ہونے کے حوالے سے وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ نوابشاہ میں ریکارڈ کیے گئے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے اپریل کے مہینے میں دنیا کے سب سے زیادہ درجہ حرارت ہونے کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی جانب سے درجہ حرارت کی ماہانہ رپورٹس یا جائزہ شائع نہیں کیا جاتا۔واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرمی کے کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق 29 مارچ کو بلوچستان کے تین علاقوں لسبیلہ، تربت اور نوکنڈی میں ریکارڈ گرمی پڑی تھی۔لسبیلہ میں گرمی کا 34 اور تربت اور نوکنڈی میں گرمی کا 8، 8 سال کا ریکارڈ نہ صرف ٹوٹا بلکہ ان علاقوں میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے نئے ریکارڈز بھی بنے۔