لاہور3مئی (ٹی این ایس )سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے ایرانی سفیرمہدی ہنر دوست سے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا حکومت پنجاب ، وزیراعلی میاں محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں صوبے کی معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی ، تعلیم ، زراعت ، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بے شمار پر کشش مواقع میسر ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار خاطر خواہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ معاشی و اقتصادی میدان میں باہمی روابط سے پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ا یران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم و ادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے . ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے ۔ دونوں ممالک کی دوستی لازوال، سمندر کی طرح گہری اور ہمالیہ کی طرح بلند ہے جسے ہمارے تاریخی ، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے چار چاند لگا رکھے ہیں۔ دونوں ممالک لا الہ اللہ کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ایرانی سفیر نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔مہدی ہنر دوست نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔