جنوبی پنجاب،سندھ میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی

 
0
701

اسلام آباد مئی 3(ٹی این ایس)محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق بدھ کے روز خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ سندھ اور جنوبی پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

میٹ آفس کی پیش گوئی کے مطابق بدھ کے روز بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویڑن )، بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویڑن)،فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ترجمان میٹ آفس کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جنوبی پنجاب اور سندھ کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں بدھ کے روز چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔گزشتہ روز کے ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ،سکھر، پڈعیدن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت49 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ شہید بے نظیر آباد ،موہنجوداڑو ،روہڑی میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔