خواجہ آصف کی نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی

 
0
302

اسلام آباد مئی 4(ٹی این ایس ): سپریم کورٹ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کےخلاف اپیل پر سماعت آج کرے گی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کےرہنما عثمان ڈار کی درخواست پر 26 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو نااہل قرار دیا تھا اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ان کی نااہلی بھی تاحیات قرار دی گئی۔

خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طور پر ظاہر نہ کر سکا، اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈیکلیئرڈ اثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ رٹ دائر ہونے سے قبل بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکا تھا۔خواجہ آصف نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن ختم کیا جائے۔عدالت عظمیٰ نے خواجہ آصف کی اپیل پر سماعت کے لیے آج کا دن مقرر کیا ہے۔