پالیسی سازی میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی ضرورت ہے ‘ لاہور چیمبر آف کامرس 

 
0
496

لاہور 5مئی(ٹی این ایس)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پالیسی سازی میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعت و تجارت دوست پالیسیوں کی تشکیل ممکن بنائی اور معاشی استحکام کا خواب پورا کیا جاسکے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے تجارتی و معاشی معاملات پر تاجر برادری کے تحفظات دور کرنا ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ،اگر حکومت اور نجی شعبے کے درمیان بہترین بااعتماد شراکت داری ہو تو ان وسائل سے استفادہ بہت بہتر انداز میں کیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے سستی توانائی بہت ضروری ہے اور اس کا سب سے بہترین ذریعہ ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار ہے، حکومت جتنی جلد ممکن ہو چھوٹے و بڑے آبی ذخائر کی تعمیر یقینی بنائے جس سے نہ صرف وافر سستی بجلی پیدا کی جاسکے گی بلکہ پانی کی قلت کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ویلیوایڈیشن کو فروغ دینے کے لیے وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کرے، پاکستان میں قیمتی پتھروں، نمک، جپسم اور ماربل وغیرہ سمیت دیگر معدنیات کے وسیع ذخائر ہیں، ان شعبوں میں ویلیوایڈیشن کا فروغ ملک کو بھاری معاشی فائدہ دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات کے لیے پالیسی سازی میں نجی شعبے کا کردار بہت اہم ہے لہذا حکومت ہر صورت پالیسی سازی میں نجی شعبے کو شامل مشاورت کرے۔