عدالت نے سرجانی ٹاؤن میں بچیوں کے اغوا میں ملوث ملزمہ ماریا کی درخواست ضانت مسترد کردی 

 
0
305

کراچی ، مئی 08(ٹی این ایس):کراچی کی مقامی عدالت نے سرجانی ٹاؤن میں بچیوں کے اغوا میں ملوث ملزمہ ماریا کی درخواست ضانت مسترد کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو گرفتار ملزمان کے خلاف کیس کا چالان جمع کرانے کے لیے 10مئی تک مہلت دے دی ہے ۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں سرجانی سے 2 بچیوں کے اغوا کا معاملے کی سماعت ہوئی ۔جیل حکام نے گرفتار ملزمان اعظم، سجاد، ماریا اور سمیرا کو عدالت میں پیش کیا ۔عدالت میں سپرنٹنڈنٹ ویمن جیل نے ملزمہ ماریا کے دماغی چیک کی رپورٹ پیش کردی۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ کا مزاج انتہائی چڑاچڑا ہے،۔ملزمہ بات بات پر جیل کے ملازمین سے لڑتی رہتی ہے اور عموما الٹی سیدھی باتیں بھی کرتی ہے جس سے گمان ہوتا ہے کہ وہ پاگل ہے۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے گرفتار ملزمان کے خلاف کیس کا چالان جمع کرانے کی مہلت طلب کرلی۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کے خلاف چالان جمع کرانے کے لئے 10 مئی تک مہلت دے دی جبکہ عدالت نے ملزمہ ماریا کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔