بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر واستبداد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ‘اشرف صحرائی

 
0
347

سرینگرمئی 9(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج پر امن کشمیری مظاہرین پر گولیاں برسا کر نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد انکی لاشیں بھی اہلخانہ کو واپس نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان بڈی گام میں قابض فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کو شدید زخمی ہونیوالا نوجوان محمد اقبال بٹ سرینگر کے ایس ایم ایس ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کے روز چل بسالیکن بھارتی پولیس کے دباؤ پر انکی میت کافی دیر تک اہلخانہ کے حوالے نہیں کی گئی جس کے بعد لواحقین اپنے پیارے کا جسد خاکی ہسپتال سے زبردستی گھر لائے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ ظلم جس تیزی سے بڑتا ہے اسی تیزی کے ساتھ ختم بھی ہو جاتا ہے تاہم کشمیریوں کو اس مشکل صورتحال میں صبر و استقامت کا بھر پور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔محمد اشرف صحرائی نے بھارتی پولیس کی طرف سے تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی کے گھر پرچھاپے کے دوران انکی گرفتاری کی شدید مذ مت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف نہتے اور بیگناہ نوجوان کو قتل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف سے اس قتل عام کے خلاف پر امن احتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والا بھارت مقبوضہ کشمیر میں جبر واستبداد کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ۔دریں اثنا محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر رمیز راجہ ، محمد سلطان اور مختار احمد پر تحریک حریت کا ایک وفد ر پر وفیسر ڈاکٹر محمد رفیع کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گاندر بل گیا جبکہ بشیر احمد قریشی ، سید ظہور الحق گیلانی اور شوکت احمد پر مشتمل وفد شہیدمحمداقبال بٹ کے جنازے میں شرکت اور اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شوپیاں گیا۔ محمد اقبال اتوار کے روز بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے اور وہ پیرکی شام کو ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ بشیر احمد قریشی نے شہید کی نماز جنازہ بھی پڑھائی ۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو دبانے کے حوالے سے بھارت کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں اور وہ ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑپر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں اور مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد اانتخابی ڈراموں سے خود کو بالکل دوررکھیں ۔