انتخابات 2018 کے انعقاد کیلئے ابھی کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن

 
0
306

اسلام آباد مئی 9(ٹی این ایس) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 26 یا 26 جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ انتخابات 2018 کے انعقاد کے لیے کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انتخابات 2018 کے انعقاد سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے کسی تاریخ پر غور بھی نہیں ہوا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز ذرائع کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کے لیے دو مجوزہ تاریخوں یعنی 25 یا 26 جولائی پر غور شروع کردیا ہے، جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔یاد رہے کہ عام انتخابات کی تاریخ طے ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے سمری صدر مملکت ممنون حسین کو بھیجی جاتی ہے، جن کی منظوری کے بعد عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جاتا ہے۔گذشتہ روز ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن اس وقت صدر مملکت کو بھجوائی جانے والی سمری پر کام کررہا ہے اور پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخ زیر غور ہے۔یہ بھی بتایا گیا تھا کہ یہ سمری رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں منظوری کے لیے صدر مملکت کے پاس بھیج دی جائے گی اور سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن مئی کے آخر یا جون کے پہلے ہفتے میں الیکشن شیڈول جاری کرے گا۔موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرکے نگراں حکومت قائم کی جائے گی جو قانون کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوتی ہے۔تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے عام انتخابات وقت پر کرانے پر اتفاق کیا ہے اور امید یہی کی جارہی ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوجائیں گے۔