پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو 12 مئی کیلئے جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

 
0
3578

کراچی مئی 9(ٹی این ایس)پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو شہر قائد میں 12 مئی کو جلسوں کی مشروط اجازت مل گئی۔ گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ہی روز جلسے کے اعلان سے بننے والا تنازعہ حل ہوگیا جب کہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے دونوں جماعتوں کے جلسوں کے لیے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سے مشروط اجازت نامہ جاری کردیا۔پیپلز پارٹی اب باغ جناح گراؤنڈ جبکہ تحریک انصاف الہٰ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں 12 مئی کو عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری اجازت نامے کے مطابق جلسوں کے دوران سیاسی تقریر پر پابندی ہوگی اور ایسی تقریر کی بھی اجازت نہیں ہوگی جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ مین روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے، اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی اور عام افراد کے لیے ٹریفک میں خلل پیدا نہیں ہونا چاہیے۔جلسے کے دوران کسی شخص یا پراپرٹی کو نقصان کے ذمہ دار منتظمین ہوں گے جب کہ پیپلز پارٹی کو اجازت نامہ مزار قائد کی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہے، جلسے کے لیے پی پی کو مزار قائد کی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔اسپیکرز کا استعمال 1965 کے ویسٹ پاکستان ایمپلی فائر آرڈیننس کے تحت کرنا ہوگا جس کے تحت اسپیکر پر متنازع بات نہیں کی جاسکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں ایک ماہ قید اور 200 روپے جرمانے کی سزا ہے۔پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ہی مقام پر جلسے کے تنازع کی وجہ سے دو روز قبل حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بنا رہا۔پیپلزپارٹی کا مؤقف تھا کہ پہلے اجازت اُس نے لی، اس لئے گراونڈ میں جلسے کا پہلا حق اُس کا ہے جب کہ تحریک انصاف کا مؤقف تھا کہ گراؤنڈ میں جلسے کے لیے پہلے کیمپ انہوں نے لگایا، اس لیے جلسہ بھی وہی کریں گے۔دونوں جماعتیں ایک ہی مقام پر جلسہ کرنے کے لئے بضد رہیں تو کارکنان نے ایک دوسرے پر پتھر اور ڈنڈے چلائے اور معاملہ اس وقت بگڑا جب ہوائی فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ ہوا۔ واقعے میں کئی افراد زخمی اور دو گاڑیوں سمیت متعدد موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگائی گئی، ہنگامہ آرائی کے سبب یونیورسٹی روڈ کے اطراف ٹریفک معطل رہا، بازار، دکانیں اور ہوٹل بند کیے گئے۔