پولیوویکسین کے قطرے پینے کے بعد تیرہ ماہ کا بچہ جہانِ فانی سے کوچ کر گیا

 
0
837

سجاول،12مئی ( ٹی این ایس) سجاول کے قریب مبینہ طورپر پولیوویکسین کے قطرے پلانے کے بعد شدید بیمارتیرہ ماہ کا بچہ فوت ہونے پر ورثاء نے شدید احتجاج کیا۔ سجاول کے قریب گوٹھ آدم سموں میں جے یوآئی ضلع بدین کے سرپرست مولانامحمد عیسیٰ سموں نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے تیرہ ماہ کے پوتے خالد بن ولید کو پہلے بھی پولیوکے قطرے پلائے گئے تھے، جس سے اس کی حالت خراب ہوگئی تھی  گذشتہ ماہ ڈی سی سجاول غضنفرعلی قادری، ڈی ایچ او ڈاکٹرحسین عمرانی اور ڈاکٹرنارائن نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے زبردستی پولیوکے قطرے پلائے ، جس کے بعد اس کی حالت مزید خراب ہوگئی اور ہم نے سجاول کے علاوہ حیدرآباد میں ڈاکٹروں کو دکھایالیکن کوئی فرق نہیں پڑا  اور آخرکار اس کوجناح اسپتال کراچی لے گئے جہاں پر بتایاگیاکہ کوئی چیز پلانے سے اس کے اندرونی اعضاگل گئے ہیں اور آخرکار گذشتہ رات بچہ جاں بحق ہوگیا،انہوں نے کہاکہ بچے کی موت کے ذمیوار ڈی سی سجاول ،ڈی ایچ او سجاول اور ڈاکٹرنارائن ہیں ،بچے کو قطرے پلانے کے وقت میں بدین میں تھا اور ڈی سی کو درخواست کی کہ میرے پہونچنے تک انتظارکیاجائے لیکن انہوں نے زبردستی قطرے پلائے ، انہوں نے کہاکہ پولیوویکسین سے بچوں کی اموات کی خبروں کی وجہ سے ھم خوفزدہ تھے اور بچے کو پہلے بھی قطرے پلائے گئے تھے جس پراس کی حالت خراب ہوچکی تھی اسی وجہ سے ہم نے مزیدقطرے پلانے سے انکار کیاتھا، پولیوکے قطروں سے بچے کی موت ہوئی ہے ، اور اس کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے انصاف کے لئے رجوع کیاجائے گا جبکہ اپنی تنظیم اور دیگر پلیٹ فارم سے بھی انصاف کے حصول کے لئے جنگ لڑیں گے، پریس کانفرنس کے موقع پر جے یوآئی ضلع بدین کے امیرمولاناخان محمد جمالی، جنرل سیکریٹریمولانا فتح محمد ،جنرل سیکریٹری ٹھٹھہ مولاناعبدالوھاب جنرل سیکریٹری سجاول حافظ فضل اللہ فیاض اور دیگرعلما بھی موجود تھے، ادھر متوفی بچے کی تدفین آج گوٹھ آدم سموں میں کردی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جبکہ مقامی رکن اسمبلی شاہ حسین شاہ ،نصیرشاہ، مولانا اسماعیل قاسمی ، مولانامحمد صالح الحداد اور دیگرشخصیات نے مولاناعیسیٰ سموں سے پوتے کی وفات پر تعزیت کی۔