ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم: کارکنان کا عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج

 
0
600

اسلام آباد جون 09 (ٹی این ایس): تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی مبینہ غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر شدید احتجاج کیا گیا۔بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان جمع ہوئے اور ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کارکنان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے سرور خان کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ انہیں سرور خان بطور امیدوار قبول نہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ این اے 54 پر اجمل راجا کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے بہت مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں اور انتخابات میں ان پہلوانوں کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کی انتخابی فہرست جاری کر دی ہے۔امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ امیدواروں کا انتخاب نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا، جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔