اس افطار ڈنر کے ساتھ ہی جرمنی میں پاکستان تحریک انصاف کے لئے نئی ممبرسازی اور پارٹی انٹر الیکشن کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے،بانی تحریک انصاف جرمنی توقیر بٹ

 
0
591

فرینکفرٹ جون 11(ٹی این ایس)پاکستان میں سولہویں جنرل انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی بیرون ممالک خصوصا جرمنی میں سیاسی جماعتیں بہت متحرک دکھائی دیتی ہیں اور سیاسی کارکن پاکستان کے اندر اپنی اپنی جماعت کی کامیابی کے لئے بہت پرجوش دکھائی دیتے ہیں ۔جرمنی میں اب تک پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ہی بہت فعال اور منظم سیاسی جماعتیں ہیں جو کئی دہائیوں سے یہاں سیاست کر رہی ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف جرمنی کی سطح پر منظم نہ ہو سکی تھی لیکن یورپ کے متعدد ممالک میں خصوصا سپین میں پاکستان تحریک انصاف بہت فعال ہے جو کہ زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اس کے اثرات دیگر قریبی ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں تاہم لگتا ہے کہ جرمنی میں بھی اب پاکستان تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت کی شکل میں سامنے آنے والی ہے کیونکہ پاکستان میں عمران خان کی سیاست نے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے اور وہ بھی اب پاکستان کے اندر تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں اسی لئے پاکستان سے باہر ہوتے ہوئے بھی وہ پاکستان میں عمران خان کی کامیابی میں ایک فعال اور فیصلہ کن کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

ماہ جولائی کی پچیس تاریخ کو پاکستان میں منعقد ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی دلانے کے لئے جرمنی میں پی ٹی آئی کے پرانے کارکنوں نے فوری طور پارٹی کو جرمنی کی سطح پر منظم کرنے ، نئی ممبرسازی کرنے اور انٹر پارٹی الیکشن کرانے کی غرض سے ایک گرینڈ ڈنر افطار کا اہتمام 9جون کی شام جرمنی کے شہر ڈارمسٹڈ Darmstadtکے مقامی ہوٹل میں کیا جس میں پاکستانی مرد، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس کا اہتمام پارٹی کے پرانے اور دیرینہ کارکنوں نے کیا تھا جو کہ پارٹی کو جرمنی کی سطح پر منظم کر رہے ہیں اس پروگرام میں پارٹی کے مجوزہ کارکنوں نے اپنے اپنے خیالات میں پاکستان تحریک انصاف کو جرمنی میں فعال کرنے کے لئے اپنی جدوجہد تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔۔پی ٹی آئی جرمنی کے بانی اور فعال رکن توقیر بٹر نے ٹیلی فون پر جرمنی میں پارٹی کی تنظیم سازی اور مستقل کے پروگرام کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس افطار ڈنر کے ساتھ ہی جرمنی میں پاکستان تحریک انصاف کے لئے نئی ممبرسازی اور پارٹی انٹر الیکشن کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے اس کے لئے پرانے سیاسی کارکنوں پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیا گیا جس پر بعد ازاں ووٹنگ کرائی جائے گی ابھی تک دوسرا پینل سامنے نہیں آیا، جو پینل اب تک تشکیل پایا گیا اس میں شامل کارکنوں کا تعلق جرمنی کے مختلف شہروں سے ہے ۔ شوکت حیات پراچہ چیئرمین ، چوہدری ریاست علی بھٹی صدر، سجاد علی کاہلونائب صدر، قاضی حبیب الراحمن جنرل سیکرٹری اور حاجی جاوید اقبال انفارمیشن سیکرٹری ہونگے۔

ممبرسازی کی آخری تاریخ 20 جون ہے، دوسرا پینل سامنے آنے کی صورت میں انتخابات چار ہفتوں کے بعد منعقد کئے جائیں گے ورنہ پھر یہی پینل حتمی تصور کیا جائے گا۔اس پینل کو فائنل کرنے کے لئے متعدد اجلاسات منعقد کئے گئے تھےپاکستان میں تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کے ایک سوال کے جواب میں توقیر بٹر نے کہا کہ جرمنی سے پارٹی کے کارکن اپنے اپنے خرچہ پر پاکستان جا رہے ہیں اور وہاں اپنے اپنے حلقہ میں پارٹی امیدواروں کی حمایت کریں گے جبکہ جو نہیں جاسکتے وہ یہیں رہ کر پاکستان میں اپنے عزیزوں اور دوستوں کو تحریک انصاف کو ووٹ دینے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے جس کی ٹکٹ، اس کا ووٹ کا نعرہ تشکیل دیا ہے اور اسی کے تحت پارٹی کے کارکن جرمنی سمیت یورپ بھر سے پاکستان میں عمران خان کو کامیاب کرائیں گےجرمنی سمیت یورپ میں لاکھوں کی تعداد میں اوورسیز دہائیوں سے یہاں مقیم ہیں اور ان میں بڑی تعداد تحریک انصاف کا پسند کرتی ہے لہذا ہم اسی سوچ کے ساتھ پی ٹی آئی کو منظم کر رہے ہیں کہ پاکستان میں اس تبدیلی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جائے جا پاکستانی عوام برسوں سے دیکھ رہے ہیں۔ جرمنی اور یورپ کی طرز کی صاف اور شفاف سیاست صرف عمران خان کی بدولت ہی ممکن ہے اور ان اصلاحات کے نتیجہ میں ایک عام پاکستانی بھی انتخاب لڑنے کے قابل ہو سکے گا اور یہی ہمارا بنیادی مقصد بھی ہے ۔