کشمیری نوجوانوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل

 
0
620

ویڈیو میں بھارتی فوجی چار نوجوانوں کو فوجی گاڑی کے آگے بیٹھنے پر مجبور کر رہے ہیں
سرینگر جون 19(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں پامپور کے گاؤں سمبورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کوانسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے کیلئے اپنی گاڑی کے آگے بیٹھنے پر مجبورکرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق ویڈیو میں فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے پر مظاہرین کو شورمچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ مظاہرے میں شامل ایک نوجوان ویڈیو میں کہتا ہے کہ بھارتی فوجی ہمارے بھائیوں کو گھروں سے گھسیٹے ہوئے نکال کر انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کر رہے ہیں۔ سمبورہ کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی جاری ہے اور احتجاج کیلئے نوجوان گھروں سے باہر نکلے جس کے بعد مظاہرین اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ ویڈیو میں فوجی گاڑی کے آگے چار بھارتی فوجیوں کو گھڑا ہو ا دیکھا جاسکتا ہے جو نوجوانوں کو فوجی گاڑی کے آگے زمین بیٹھنے پر مجبورکر رہے ہیں۔