لانڈھی، تیز رفتار ٹریلر نے سڑک کنارے کھڑے نوجوان کو کچل دیا

 
0
329

کراچی جون 20 (ٹی این ایس)کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 2 میں ایک تیز رفتار ٹریلر نے بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے نوجوان کو کچل دیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لانڈھی نمبر 2 میں ایک کنٹینر سے لدا ٹریلر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھ گیا، جس کی زد میں آکر وہاں کھڑا نوجوان ٹریلر کے نیچے دب گیا۔تاہم دو گھنٹے گزر جانے کے باوجود امدادی کارروائی شروع نہ ہونے کے باعث ٹریلر کے نیچے دبا نوجوان دم توڑ گیا۔جاں بحق نوجوان کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک اخبار میں پرنٹنگ مشین آپریٹر تھا۔حادثے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگیا۔دوسری جانب علاقہ مکینوں نے احتجاجاً ٹائر جلا کر کچھ دیر کے لیے سڑک بلاک کردی۔جاں بحق نوجوان یاسین کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور نگراں حکومت اس واقعے کا نوٹس لے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرتضیٰ چورنگی اور لانڈھی نمبر 4 پر پولیس پیسے لے کر سڑک سے ہیوی ٹریفک گزرنے دیتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملے گا، وہ احتجاج کریں گے اور گزرنے والے ہیوی ٹریفک پر پتھراؤ بھی کریں گے۔